ڈائریکٹریٹ آف کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن بلوچستان کوئٹہ کی سست روی اور نااہلی کی وجہ سے پنجاب کے تمام تعلیمی اداروں میں بلوچستان کے طلباء کے لئے مختص نشستیں خالی ہیں اور کچھ یونیورسٹیاں اس سست روی کی وجہ سے طلباء کو ایڈمیشن دینے سے انکاری ہیں۔
بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل پنجاب
بلوچ اسٹوڈنٹس کونسل پنجاب کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ بلوچستان ڈائریکٹوریٹ کی ناقابلِ برداشت ہٹ دھرمی اور سست روی نے تعلیمی نظام کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ "سسٹر پرونسس" جیسے اہم داخلوں کے عمل میں غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا گیا ہے، جس کا خمیازہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں سے آنے والے طلبہ بھگت رہے ہیں۔ داخلوں کے آغاز میں تاخیر، ٹیسٹ اور نتائج کی فراہمی میں بے جا تاخیر، اور منتخب طلبہ کو وقت پر نامزد نہ کرنے پر سنگین چیلنچز کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ جب یہ طلبہ متعلقہ یونیورسٹی میں پہنچتے ہیں، تو وہاں کے میڈ ٹرم امتحانات شروع ہو چکے ہوتے ہیں، جس سے ان کے لیے تعلیم کو جاری رکھنا انتہائی دشوار ہو جاتا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے طلبہ پہلے ہی ہاسٹل الاٹمنٹ کی مشکلات سے دوچار ہوتے ہیں، اور امتحانات کے دباؤ کے باعث وہ اپنی تعلیمی کارکردگی پر توجہ دینے سے قاصر رہتے ہیں۔ اس ذہنی دباؤ اور عدم توجہ کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ بہت سے طلبہ اپنی تعلیم جاری رکھنے میں ناکام ہو جاتے ہیں اور ڈراپ آؤٹ ہو جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں کئی نشستیں خالی رہ جاتی ہے ۔
داخلوں میں تاخیر کے نتائج سے مستحق طلبہ جامعات میں داخلے سے محروم ہو جاتے ہیں کیونکہ ڈائریکٹوریٹ فوری کارروائی کرنے میں دانستہ یا نادانستہ طور پر ناکام ہے
ترجمان نے اپنے بیان کے آخر میں کہا کہ ہم اسٹیک ہولڈرز بشمول تعلیمی حکام سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے کا نوٹس لے اور طلبہ کے مستقبل سے کھیلنے والے عناصر کا احتساب کرے۔